ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ممبئی: ایک سال تک عورتوں کے زیورات چرانے والا جب پکڑا گیا توپتہ چلا کہ سب زیورات نقلی تھے!

ممبئی: ایک سال تک عورتوں کے زیورات چرانے والا جب پکڑا گیا توپتہ چلا کہ سب زیورات نقلی تھے!

Wed, 04 Mar 2020 16:22:44    S.O. News Service

ممبئی،4/مارچ(ایس او نیوز)عروس البلاد ممبئی کئی زاویوں سے دنیا کا ایک مشہور اور منفردشہر ہے۔اس میں سے ایک پہلو یہاں کی لوکل ٹرینیں اور اس کا سفر بھی ہے۔ ملازمت پیشہ افراد کا ہجوم جس طرح صبح و شام ان لوکل ٹرینوں کے ذریعے جان جوکھم میں ڈال کر سفر کرتا ہے اور خواتین جس طرح اس دشوار ترین زندگی سے ہم آہنگ ہوکر جی رہی ہیں اس کا تصور بھی پریشان کن ہوتا ہے۔ انہی لوکل ٹرینوں میں ہر مہینے کی ایک تاریخ سے دس تاریخ تک پاکٹ ماروں اور چوراچکوں کے گروہ پوری طرح سرگرم ہوجاتے ہیں کیونکہ یہ ماہانہ تنخواہ ملنے کے دن ہوتے ہیں اور ٹرین میں سفر کرنے والوں کی جیب ان دنوں میں گرم رہتی ہے۔ بقیہ دنوں میں ٹرین کے ڈبوں اور پلیٹ فارمس پر عورتوں کے گلے سے سونے کے چین، منگل سوتر اور ویانٹی بیگس اڑانے کا سلسلہ چلتا رہتا ہے۔

لیکن ایسا لگتا ہے کہ جس طرح ملک کے ساست دان اور وزراء جھوٹ بولنے، نقلی ڈگریاں پیش کرنے اور حقائق کو توڑمروڑ کر پیش کرنے میں بازی مارنے لگے ہیں اور عوام کو دھوکے میں رکھنے میں طاق ہوگئے ہیں، اسی طرح عوام نے اور خاص طور پر خواتین نے بھی ان سے سبق سیکھا ہے جس کی وجہ سے اب وہ ان کے گلے سے سونے کی چین اور منگل سوتر اڑانے والوں کو بھی جھانسہ دینے میں کامیاب ہورہی ہیں۔

ایسا ہی ایک معاملہ اس وقت روشنی میں آیا جب گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے افسران نے  ٹھاکورلی علاقے کے رہنے وا لے باجی راؤ کاٹکر(42سال) کو خواتین کے گلے سے چین اڑانے کے الزام میں گرفتار کیا۔ وہ گزشتہ ایک سال سے ریلوے اسٹیشنوں کے چکر کاٹتا تھا اور جب ہجوم زیادہ ہوتا تھا توپلیٹ فارم پر اپنی ٹرینوں کا انتظار کرنے یا پھر ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پلیٹ فارم پر جانے کے لئے فوٹ اوور برڈج سے گزرنے والی خواتین کو نشانہ بنایا کرتا تھا۔ پھر ان خواتین کے گلے سے اڑائی گئی چین اور منگل سوتر وہ اپنے ایک اور ساتھی دلیپ کارلیکر کے پاس چھپاکر رکھ دیتا تھا جو کہ گرگام کا رہنے والا تھا۔

ڈومبیولی گورنمنٹ ریلوے پولیس کے سینئر انسپکٹر ستیش پوارنے بتایا کہ مختلف ریلوے اسٹیشنس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر باجی راؤ کی گرفتاری کے بعد اس کے ساتھی کے گھر کی تلاشی لی گئی تو اس کے پاس سے 4 بریس لیٹس، 17منگل سوتر اور 2 نیکلیس برآمد ہوئے۔ لیکن ان چوروں کی بدقسمتی یہ رہی کہ جسے انہوں نے سونے کے زیورات سمجھ کر حفاظت سے رکھا تھا، وہ سب کے سب نقلی زیور ثابت ہوئے۔ یہ حقیقت جب سامنے آئی تو گرفتار شدہ چوروں کے ہوش ہو ا ہو گئے کہ اتنی چالاکی اور مشقت سے جو ’سونا‘ انہوں نے اڑایا تھا وہ نقلی نکلا اور یہ با ت درست ثابت ہوئی کہ ”چمکتا جو نظر آتا ہے،سب سونا نہیں ہوتا!“ یعنی دوسرے الفاظ میں یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ ممبئی کی لوکل ٹرین میں سفر کرنے والی عورتیں پیشہ ور چور اچکوں کو بھی چکمہ دینے کا ہنر سیکھ گئی ہیں!

جی آر پی کے افسران نے بتایا کہ ان دو چوروں کے پاس سے چند لیپ ٹاپس بھی ضبط کیے گئے ہیں جو انہوں نے مرد مسافروں سے چھینے تھے۔ ضبط شدہ لیپ ٹاپس کی مالیت کا اندازہ 1.50لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔


Share: